بنگلہ دیش کی حکومت نے کہا ہے کہ ڈھاکا میں ریستوران ’ہولی آرٹیزن بیکری‘ پر حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد میں سے 20 مارے گئے۔
حکومت کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چھ حملہ آور مارے گئے جب کہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شدت پسند تنظیم ’داعش‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی اس کے جنگجوؤں نے کی۔
فوج کے برگیڈیئر جنرل نعیم اشرف چوہدری نے
ہفتے کو اعلان کیا ہے کہ مارے جانے والے تمام 20 افراد غیر ملکی تھی اور خیال ہے کہ ان میں سے بیشتر کا تعلق اٹلی اور جاپان سے ہے۔
اس سے قبل حکام کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے ریستوران میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود کم ازکم 13 یرغمالیوں کو بازیاب کروا لیا ہے۔
حکام کے مطابق بازیاب کروائے گئے لوگوں میں تین غیر ملکی بھی شامل ہیں جب کہ ان میں سے کچھ زخمی بھی ہوئے۔